اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست عروج پر ہے جس کی وجہ سے عوام کو معاشی بحران ، غربت، مہنگائی اور بے روزگاری کا سامنا ہے،ملک کے اداروں کے درمیان فاصلہ بڑھ گیا ہے ، پارلیمنٹ کے دائرہ کار میں مداخلت نہیں ہونی چاہئے،ارشد ندیم کی پیرس اولمپکس میں شاندار کامیابی ہم سب کےلئے باعث فخر ہے ،ملک کے باصلاحیت بچوں کو آگے لانے کےلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کرانڈومنٹ فنڈقائم کریں۔جمعہ کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پربلاول بھٹو زرداری نے مسجدنبویﷺکے امام کا خیرمقدم کیا اور انہوں نے سعودی سفیر نواف سعید المالکی کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پیرس اولمپکس میں شاندارکامیابی پر ارشد ندیم اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ارشد ندیم نے اپنی محنت کے ذریعے ناممکن کو ممکن بنایا، یہ ہم سب کےلئے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان بھرکے با صلاحیت بچوں کی بھرپور سپورٹ کرنی چاہئے، کراچی کے علاقے لیاری میں فٹ بال کھیلنے والے بچے بھی ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں۔انہو ں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو چاہئے کہ اپنے بچوں کی بھرپور سپورٹ کریں اور اس سلسلے میں صوبائی حکومتیں اندومنٹ فنڈ قائم کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آبادوفاقی دارالحکومت ہے ،یہاں بلند وبالا عمارتیں اور بڑے بڑے بیورو کریٹ موجود ہیں مگر ہمیں جو کام کرنا چاہئے تھا وہ ہم نے نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست عروج پرہے اس وجہ سے ملک کے عوام معاشی بحران ، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کئی نسلوں سے سیاست کرتے آرہے ہیں، سیاستدانوں کی لڑائی اور ایڈونچرازم کی وجہ سے ملک کا نقصان ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے حالات ہمارے سامنے ہیں، پوری دنیا نے دیکھا کہ حسینہ واجدکو وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ اداروں کے درمیان فاصلہ بڑھ گیا ہے،پارلیمنٹ کے دائرہ کار میں مداخلت نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے بڑےسانحات ملک میں رونما ہوچکے ہیں ،لوگ اب تک انصاف کے منتظر ہیں،1974 سے 2024تک انتظار کے بعد قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کوکس حد تک انصاف مل سکا۔ انہوں نے کہا کہ چائے کے کپ میں طوفان کو ملک میں سیاسی بحران میں تبدیل کیاجارہا ہے جس کی آئین و قانون میں گنجائش ہی نہیں اور جو انہوں نے مانگا ہی نہیں ان کو مخصوص نشستیں ٹافیوں کی طرح دی جارہی ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب تک ملک آئین، قانون اور جمہوری انداز نہیں اپنائے گا، جب تک ادارےحدود کے اندرکام نہیں کرتے، عوام کی امیدوں کے مطابق کام نہیں کرسکیں گے، نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کرنے کےلئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، سیاسی جماعتوں کو قومی مسائل پر مشاورت کے ساتھ کام کرنا چاہئے، سیاستدانوں میں اتنی صلاحیت ہے کہ وہ کم سے کم بنیادی معاملات پر اتفاق رائےکرتے ہوئے قومی مسائل کو حل کرسکتے ہیں۔