اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی ) بنگلا دیش کی موجودہ سیاسی صورتِ حال پر حکومت پاکستان کا پہلا باضابطہ بیان سامنے آگیا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اورعوام بنگلا دیشی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے بنگلا دیش میں حالات پُرامن ہوں گے اور تیزی سے معمول پر آئیں گے،یقین ہے بنگلا دیشی عوام کا جذبہ اور اتحاد انہیں ہم آہنگ مستقبل کی طرف لے جائے گا۔خیال رہے کہ 5 اگست پیر کو طلبہ کے احتجاج پر حسینہ واجد اقتدار چھوڑ کر فوجی ہیلی کاپٹر میں بھارت فرار ہوگئی تھیں جس کے بعد آرمی چیف نے عبوری حکومت بنانے کا اعلان کیا تھا۔وزیر اعظم حسینہ واجد کے مستعفی ہونے کے بعد بنگلادیش میں عبوری حکومت کی تشکیل کا عمل شروع ہوگیا۔ نوبیل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کو عبوری حکومت کا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب بنگلادیش میں زندگی معمول پر آنے لگی ہے اور تعلیمی ادارے اور گارمنٹس فیکٹریاں دوبارہ کھل گئی ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی رواں دواں ہے۔