جموں:(مانیٹرنگ ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کانگریس کے مقامی رہنمائوںنے مجوزہ اسمبلی انتخابات میں جموں کے حلقہ انتخاب بشنہ سے ایک غیر ریاستی باشندے کو امیدوارکے طورپر کھڑا کرنے کے پارٹی فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقامی رہنمائوں نے خبردارکیا کہ اس طرح کا فیصلہ پارٹی کے لیے تباہ کن ہو گا ۔انہوں نے علاقے کی صورتحال اورزمینی حقائق سے واقف امیدوار کی ضرورت پر زوردیا۔ پارٹی رہنمائوں کی طرف سے یہ انتباہ ان اطلاعات کے بعدسامنے آیا ہے کہ بھارت سے کانگریس کے ایک رہنما بشنہ حلقے سے الیکشن لڑنا چاہتا ہے اوردعویٰ کررہا ہے کہ پارٹی کی ٹکٹ اس کی جیب میں ہے۔ کانگریس کے ضلع سیکریٹری دیوراج بھگت سمیت مقامی رہنمائوںنے مذکورہ شخص کے جموں و کشمیر سے تعلق اور حلقے کی موثر نمائندگی کے لئے اس کی صلاحیت پر سوال اٹھایا۔اس واقعے سے جموں و کشمیر کے متنازعہ علاقے میں سیاسی صورتحال کی پیچیدگی کی عکاسی ہوتی ہے۔