اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):صدر مملکت آصف علی زرداری نے جعلی خبروں اور غلط معلومات کے پھیلائو کی حوصلہ شکنی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ حقائق کی جانچ پڑتال اور معلومات کی تصدیق کے کلچر کو فروغ دینا ہوگا۔ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار چیئرمین پیمرا محمد سلیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے میں رواداری، اتحاد اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ صحافت کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھے۔صدر مملکت نے کہا کہ جدید مواصلاتی ٹیکنالوجی کی وجہ سے نئے چیلنجز درپیش ہیں، میڈیا رائے عامہ کی تشکیل میں ذمہ دارانہ اور تعمیری کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ غلط معلومات اور پروپیگنڈے کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر عمل ہونا چاہئے۔ صدر مملکت نے جدید ٹیکنالوجی اور باصلاحیت انسانی وسائل سے پیمرا کی استعدادِ کار بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ میڈیا ملک کا بہتر تشخص اور سماجی و اقتصادی مسائل بارے شعور اجاگر کرے۔چیئرمین پیمرا نے صدر مملکت کو میڈیا منظرنامے کی ریگولیشن اور ترقی میں پیمرا کے کردار اور کارکردگی بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین پیمرا نے صدر ِ مملکت کو پیمرا رپورٹ 2021-23 بھی پیش کی۔ صدر مملکت نے ملاقات میں پیمرا کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔