اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں معاشی بحالی اور عوام کو ریلیف دینے کےلئے کوشاں ہیں، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کےلئے پرعزم ہیں ، با اختیار نوجوان اپنے خاندان اورملک کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کویہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہو ں نے کہاکہ مہنگائی 4 سال کی کم ترین سطح پر ہے، حکومت معیشت کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کےلئے اقدامات کررہی ہے، تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں ، وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہی میں معاشی بحالی، عوام کو ریلیف دینے کےلئے کوشاں ہیں، آئندہ چند ماہ میں مہنگائی میں مزید کمی آئے گی اورعوام کو ریلیف ملے گا ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کےلئے پرعزم ہیں ، با اختیار نوجوان اپنے خاندان اورملک کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں اس لئے حکومت نوجوانوں کوبا اختیار بنانے کےلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دولت مشترکہ کے ساتھ فعال اندازمیں مل کر کام کررہا ہے،2017 تک پاکستان میں چین سمیت دیگرممالک سرمایہ کاری کررہے تھے،2017 سے 2024 کے درمیان پاکستان میں کوئی سرمایہ کاری نہیں آئی جس کا ہمیں بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا،حکومتی اقدامات کے باعث دنیا بھرکے سرمایہ کار پاکستان کا رخ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل پیٹریشیا سکاٹ لینڈ نے پاکستان کا دورہ کیا، دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنر ل کا دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہا ، متعدد معاہدوں اورمفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط کئے گئے اس کے اثرات جلد سامنے آئیں گے،پاکستان نے دولت مشترکہ کے ساتھ مصنوعی ذہانت میں تعاون کا معاہدہ کیا ہے،12 اگست کوعالمی یوم نوجوانان پراس کا باقاعدہ اجرا کیا جائے گا انہوں نے کہاکہ دولت مشترکہ کے یوتھ منسٹرز کی ٹاسک فورس کی چیئرمین شپ پاکستان کے پاس ہے ، اس ٹاسک فورس کے تحت دولت مشترکہ کے 56 رکن ممالک کے وزرا تعلیم کھیل اور صنعت آئندہ سال پاکستان کا دورہ کریں گے ، اس سے ان ممالک کے درمیان تجارت اور کاروبار کے مواقع پیدا ہونگے ۔ انہوں نے کہاکہ یوتھ پارلیمنٹیرین فورم کا دولت مشترکہ کے ساتھ اشتراک کیا گیا ہے، اس فورم کے رکن 56ممالک کے ارکان پارلیمنٹ سے تجربات کا تبادلہ کرسکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی رضا کار کور گراس روٹ لیول پرکام کرے گی، یہ نوجوان موسمیاتی تبدیلی، شجرکاری ، تعلیم سمیت دیگر شعبوں کےلئے مقامی سطح پر کام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر سے نوجوانوں نے قومی رضاکار کور کے لوگو کے انتخاب کےلئے 850 ڈیزائن بھیجے تاہم کوئٹہ کی بچی کا لوگو کمیٹی نے منتخب کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان درست راہ پر گامزن ہے ، نوجوان اپنی قسمت بدلنے کےلئے پرعزم ہیں ،دنیا میں پاکستانی ہنر مند افرادی وقوت کی مانگ 10 سے 15 لاکھ ہے ، رواں سال 2 لاکھ 60ہزارنوجوانوں کوبراہ راست اور6 سے 8 لاکھ نوجوانوں کوبالواسطہ طور پر ہنر مند بنانے کی تربیت دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ بیرون ملک جانے والے نوجوانوں کوہنر کے ساتھ ساتھ اخلاقیات کی تربیت بھی دی جائے گی تاکہ وہ اچھے کردار سے پاکستان کا نام روشن کریں ا س سے پاکستانی نوجوانوں کےلئے مزید مواقع پیدا ہونگے ، ان نوجوانوں کوکریش لینگوئج کورسز بھی کرائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم یوتھ لون سکیم 2013 میں نواز شریف نے شروع کی ،2013 سے 2022 تک اس پروگرام کے تحت 75ارب روپے کا قرضہ دیا گیا لیکن 2023 میں نوجوانوں کو با اختیاربنانے کےلئے 54ارب روپے کا قرضہ دیا گیا جس سے ایک لاکھ 76ہزار نوجوان مستفید ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ رواں ماہ کے آخر تک وزیراعظم یوتھ لون سکیم دوبارہ شروع کی جائے گی،3 لاکھ نوجوانوں میں 100 ارب روپے کے قرضے تقسیم کئے جائیں گے ، ان قرضوں کی واپسی کی شرح 97فیصد ہے اس سے ملکی معیشت کو 900ار ب روپے کا فائدہ ہوا ہے، ان نوجوانوں نے 30ہزار ملازمتیں فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے دانشمندانہ اقدامات کے باعث آئی ٹی کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے کیونکہ حکومت نے آئی ٹی کے فروغ پرتوجہ مرکوز کررکھی ہے۔