جدہ(مانیٹرنگ ڈیسک ) :یو م استحصال کشمیر کے حوالے سے جدہ میں پاکستانی قونصلیٹ جدہ میں ایک تقریب منعقد کی گئی ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ایمبیسڈر آفتاب احمد کھوکھر ،کشمیری حریت رہنماء محمد فاروق رحمانی ، چیئرمین کشمیر کمیٹی جدہ مسعود احمد پوری، جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیزکے قائم مقام چیئرمین سردار اشفاق خان ،پاکستانی قونصل جنرل خالد مجیداوردیگرنے تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے کہا کہ پانچ برس قبل بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے بھارتی آئین کی دفعات 370 اور 35 اے کو منسوخ کر کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم اور اسے دو یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کر دیاتھا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںکی طرف سے نہتے کشمیریوں پر وحشیانہ مظالم اورانسانی حقوق کی پامالیوں کا سلسلہ جاری ہے۔مقررین نے کہاکہ 1989 سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں 96ہزار سے زائد کشمیری بھارتی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں ، جس کے نتیجے میں 22ہزار974خواتین بیوہ ہوئی ہے جبکہ اس عرصے کے دوران 11ہزار264خواتین کو بھارتی قابض فورسز نے عصمت دری اور آبرو رویزی کا نشانہ بنایا ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہزاروں کشمیری بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں غیر قانونی طور پرقید ہیں۔تقریب میں جدہ میں موجود پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کے بارے میں ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی ۔