اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مری نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے رونا دھونا بند کرے تاکہ ایوان میں عوام کے مسائل پر بات ہو سکے، ہمارے بچوں کو تعلیم اور نوجوانوں کو روزگار چاہیے۔ منگل کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مری نے کہا کہ ایک رکن نے کشمیر کے حوالے سے قرارداد کی مذمت کی جو نہیں ہونا چاہیے تھا، کشمیر میں اس وقت مسئلہ صرف کشمیریوں کا نہیں بلکہ یہ وہاں پر انسانی المیہ جنم لے چکا ہے، بھارت نے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑ دیئے ہیں، کشمیر کا بچہ بچہ یہ کہہ رہا ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان، ان حالات میں ہم اور کشمیریوں سے کیا پوچھیں کہ وہ کس طرف جانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر نفرت کے کلچر کو پروان چڑھایا جا رہا ہے جو اس ایوان کا حصہ ہی نہیں، اس کا بار بار ذکر کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا رونا دھونا ہی بند نہیں ہوتا، ایسی صورتحال میں ہم عوام کے مسائل پر یہاں کیسے بات کر سکتے ہیں، ہمارے بچوں کو تعلیم اور نوجوانوں کو روزگار چاہئے، عوام بجلی کے بلوں اور مہنگائی کے مسائل سے دوچار ہیں لیکن ان کا رونا دھونا بند نہیں ہوتا تاکہ ہم پاکستان کے مسائل کے حل کیلئے توجہ مرکوز کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ایوان میں جو بل آیا ہے وہ کسی عدالتی حکم کیخلاف نہیں بلکہ ملک سے لوٹا کریسی ختم کرنے اور پارٹی وفاداری کے حوالے سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں کشمیر پر قرارداد لائی جا رہی تھی اور اپوزیشن ارکان احتجاج کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مزید ڈیجیٹل دہشت گردی نہیں چل سکتی۔ انہوں نے ملک میں نفرتوں اور تقسیم کو پروان چڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جینا اور مرنا اس ملک میں ہے، ہماری اولادیں ملک سے باہر نہیں بیٹھیں، انہوں نے اپنے دور حکومت میں دو کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے حوالے سے جو چورن بیچا تھا اس کے حوالے سے تو یہ بات بھی نہیں کرتے۔ عورتوں کی عزت اور وقار کی بات کرنے والے کیسے بھول گئے ہیں کہ انہوں نے خواتین کے ساتھ اپنے دور حکومت میں کیا طرز عمل روا رکھا۔