سرینگر:(مانیٹرنگ ڈیسک ) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے5اگست کو یوم استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کرنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ پاکستان نے ہرآزمائش میں کشمیریوں کا ساتھ نبھا کر حقیقی محسن کا کرداراداکیاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے یوم استحصال منا کر دنیا اور خاص طورپر بھارت کو یہ واضح پیغام دیا کہ آزادی کی اس تحریک میں پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہرقسم کے ظلم و جبر کے باوجود کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول تک ہرصورت میں اپنی جدوجہدجاری رکھیںگے۔دریں اثناء جیل میں نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما مولوی بشیر احمد عرفانی نے بھی اپنے ایک پیغام میں مظلوم کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کرنے پر پاکستانی حکومت اورعوام کا شکریہ ادا کیاہے۔ انہوں نے کہا کہ 5اگست کشمیر کی تاریخ کا ایک دردناک اور کربناک دن ہے جب مودی حکومت نے ریاست جموں و کشمیر پر شب خون مارا اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے اس کی خصوصی حیثیت ختم کردی اور اس کو مرکزکے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کر دیا۔انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کردیاہے اور کشمیریوں کے رہے سہے بنیادی سیاسی، سماجی اور مذہبی حقوق سلب کرکے پوری انسانیت کی تذلیل کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول قام کیاگیا ہے اور ریاست کے مسلم تشخص کو مٹایا جارہا ہے۔ حریت رہنما نے اقوام عالم ، یورپی یونین ،اسلامی ممالک اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کو روکنے کے لئے اپنا کردارادا کریں اورکشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلادیں۔