اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):ایوان بالا نے انتخابات (دوسری ترمیم) بل 2024 کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت مقررہ آئینی مدت کے بعد کوئی بھی رکن ایک جماعت میں شمولیت کے بعد کسی دوسری جماعت میں شامل نہیں ہو سکے گا جو جماعت مخصوص نشستوں کیلئے اپنی ترجیحی فہرست جمع نہیں کرائے گی وہ مخصوص نشستوں کی اہل نہیں ہو گی، ریٹرننگ آفیسر کے پاس پارٹی ٹکٹ جمع نہ کرانے والا امیدوار آزاد تصور ہو گا۔منگل کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر محمد طلال بدر نے تحریک پیش کی کہ انتخابات (دوسری ترمیم) بل 2024 زیر غور لانے کیلئے متعلقہ قواعد معطل کئے جائیں۔ ایوان سے تحریک کی منظوری کے بعد محمد طلال بدر نے تحریک پیش کی کہ انتخابات (دوسری ترمیم) بل 2024 قومی اسمبلی سے منظور کردہ صورت میں فی الفور زیر غور لایا جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے یکے بعد دیگرے بل کی تمام شقوں کی ایوان سے منظوری حاصل کی جس کی ایوان نے منظوری دیدی۔