کراچی (ایجوکیشن رپورٹر )
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے پندرہویں روز صبح کی شفٹ میں سائنس اور ہوم اکنامکس گروپس کے اردو نارمل، اردو آسان، اردو این ایم ٹی، ہسٹری اینڈ کلچر آف پاکستان پرچہ دوم اور سندھی پرچہ دوم لیا گیا۔ چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈکراچی پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین اور ناظم امتحانات انور علیم خانزادہ نے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔ چیئرمین انٹربورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے نائب ناظمین امتحانات اسلم چوہان، زاہد رشید، آئی او سی زرینہ راشد اور پروفیسر فرزانہ خان پر مشتمل ٹیم کے ہمراہ گورنمنٹ کالج فار ویمن کورنگی 4، گورنمنٹ کالج فار ویمن کورنگی 6 اور گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج لانڈھی کورنگی 6 کا دورہ کر کے امتحانی عمل کا جائزہ لیا۔
ناظم امتحانات انور علیم خانزادہ نے گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج الیون اے نارتھ کراچی، گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج بفر زون، گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سیکٹر فائیو ایل نارتھ کراچی اور گورنمنٹ پریمیئر بوائز کالج نارتھ ناظم آباد کا دورہ کیا۔ گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج الیون اے نارتھ کراچی میں نقل کے 12کیس رپورٹ کیے گئے جس پر ناظم امتحانات انور علیم خانزادہ نے سینٹر سپرنڈنٹ پروفیسر محمد رؤف کی کارکردگی کو سراہا۔ اس کے علاوہ گورنمنٹ بوائزڈگری کالج فائیو ایل نارتھ کراچی میں بھی نقل کا ایک کیس رپورٹ ہوا جبکہ ویجی لینس آفیسرز کی جانب سے بھی نقل کا ایک کیس رپورٹ کیا گیا۔