کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کی جانب سے اسٹاف کالج لاہور سے 120 واں مینجمنٹ کورس مکمل کرنے پر ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کراچی ارم تنویر کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔تقریب میں کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی ، سیکرٹری شعیب احمد اور گورننگ باڈی کے اراکین نے شرکت کی ۔ڈی جی پی آئی ڈی ارم تنویر نے کراچی پریس کلب کی گورننگ باڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریس کلب کی ایک تاریخی حیثیت ہے آزادی صحافت اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے لئے کراچی پریس کلب کے کردار کو ہر دور میں سراہا جاتا ہے آج کی یہ تقریب میرے لئے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے ہمیں کراچی پریس کلب اور میڈیا ورکرز کے مسائل کا علم ہے اور ہمیشہ ہماری یہ کوشش رہی ہے کہ میڈیا ورکرز کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور وفاقی وزارت اطلاعات اور صحافی برادری کے درمیان رابطوں کو بہتر سے بہتر بنائیں،اس موقع پر صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی اور سیکریٹری شعیب احمد نے ڈی جی پی آئی ڈی ارم تنویر کو مینجمنٹ کورس مکمل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قابل افسران ہی ملک و قوم و ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکتے ہیں، کراچی کے صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے میں پی آئی ڈی موثر کردار ادا کررہا ہے، وفاقی وزارت اطلاعات کو کراچی کے صحافیوں کے لئے خصوصی پالیسی بنانے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لئے وزیر اعظم ہیلتھ کارڈ اسکیم وفاقی حکومت کا اچھا قدم ہے لیکن بہت سے صحافی رجسٹریشن کے عمل سے محروم رہ گئے ہیں ان کی سہولت کے لئے رجسٹریشن کا دوسرا مرحلہ شروع کرنا چاہیے تاکہ بقیہ صحافی بھی اس سہولت سے مستفید ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ اخباری کارکنوں کے واجبات کے لئے آئی ٹی این ای کی کارکردگی مناسب ہے تاہم وفاقی سطح پر الیکٹرانک میڈیا کے ورکرز کے واجبات اور برطرفیوں کے حوالے سے پیمرا قوانین میں ترمیم اور کونسل آف کمپلینٹس کے دائرے کو وسیع کرنے کی ضرورت ہے، پروگرام کے اختتام پر صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی ، سیکریٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد اور ممبر گورننگ باڈی مونا صدیقی نے ڈی جی پی آئی ڈی ارم تنویر کو یادگاری شیلڈ پیش کی