راولپنڈی(نمائندہ خصوصی )
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ترکیہ لینڈ فورسز کے کمانڈر جنرل موسیٰ اوسیور نے آج جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون پر خصوصی زور دینے کے ساتھ باہمی اور پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی او اے ایس نے کہا کہ ہم ترکی کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جن کی جڑیں تاریخ میں گہری ہیں اور ہماری ثقافتی اور مذہبی وابستگیوں میں جڑی ہوئی ہے۔
دونوں فریقوں نے خاص طور پر تربیت اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں فوجی تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ معزز مہمان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا بھی عہد کیا۔