کراچی (رپورٹ: مرزا افتخار بیگ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے ”یومِ استحصال۔ جموں کشمیر“ کے موقع پر تصویری نمائش کا انعقاد حسینہ معین ہال میں کیاگیا جس میں بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہونے والے ریاستی مظالم اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں پر مبنی تصویری نمائش عوام کی توجہ کا مرکزرہی ، تصاویری نمائش کا افتتاح مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کیا اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کے ریذیڈنٹ ڈائریکٹر بشیر سدوزئی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ مہمانِ خصوصی صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت دنیا میں فلسطین اور کشمیر دو ایسے خطے ہیں جہاں رہنے والے لوگ ظلم و بربریت کا شکار ہیں، 5 اگست 2019ء سے ظلم کی ایک نئی لہر چل پڑی جب بھارت نے کشمیر کی حیثیت کو ختم کر دیا، ان تصاویری میں بزرگ، بچے اور جوان مظالم کا مقابلہ کرتے نظر آرہے، کشمیر میں بسنے والے بھائی بہنوں نے ایک تاریخ رقم کی ہے، عالمی طاقتوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہیں، انہوں نے کہاکہ کشمیر میں جدوجہد کا سلسلہ ختم نہیں ہوا، اس کا مقصد کشمیر کے عوام کو احساس دلانا ہے کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، انہوں نے کہاکہ جب کشمیر اور فلسطین کی بات آتی ہے تو بڑے بڑے چیمپئنز کی زبانوں کو تالا لگ جاتا ہے اگر یہ مظالم ایسے ہی چلتے رہے تو دنیا میں کبھی امن قائم نہیں ہو سکتا، اگر ان مظالم کو نہیں روکا گیا تو عالمی طاقتیں اس کی ذمے دار ہوں گی۔