اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):اسلام آباد کے علاقہ تھانہ ترنول میں دو موٹر سائیکلوں کے حادثہ کے دوران زخمیوں کی مددکرنے والے وزارت اطلاعات و نشریات کے سابق افسر عبدالواحد خان کی گاڑی سے نامعلوم چور پرس،نقدی، اہم دستاویزات اور لاکھوں روپے مالیت کے دو چیک لے اڑے۔وزارت اطلاعات کے سابق افسر عبدالواحد خان نے تھانہ ترنول میں ایف آئی آر درج کراتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ حسکول پٹرول پمپ کے بالمقابل دو موٹر سائیکل آپس میں بری طرح ٹکرا گئے جس سے ایک نوجوان،ضعیف خاتون ،بزرگ شہری اور ایک لڑکی شدید زخمی ہوگئے ۔زخمیوں کی مدد کے لئے انھوں نے گاڑی روکی اورفوری طبی امداد کے لئے پولیس اور ریسکیو1122کو اطلاع کی۔ اس دوران ایک پولیس اہلکار نے موقع پر پہنچ کر ان سے بلاجواز اور الٹے سیدھے سوالات شروع کردیئے۔ اس دوران موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نامعلوم چور ان کی گاڑی سے پرس لے اڑے۔جس میں 110 ڈالر ، ایک ہزار روپے، دو چیک جن میں ایک میزان بینک کا چیک نمبری A-39724104 مالیت ایک لاکھ 71ہزار ایک سو روپے جبکہ دوسرا چیک سندھ بینک کا چیک نمبر41626998 مالیت چالیس ہزار روپے کاہے۔پرس میں اسلام آباد کلب کا ممبر شپ کارڈ ، شناختی کارڈ نمبر 6110-4550011-9 ، گاڑی کی رجسٹریشن نمبر AEE-678 ، سمارٹ کارڈ ، سوزوکی پک اپ کا سمارٹ کارڈ نمبر TA-41 اور دیگر قیمتی دستاویزات بھی شامل ہیں۔عبدالواحد خان نے بتایا کہ چوری کا مقدمہ درج کرانے کے باوجود پولیس تاحال چوروں کی گرفتاری عمل میں نہیں لا سکی۔انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے متعلق آئی جی اسلام آباد پولیس سید ناصر نقوی سے ملاقات کرکے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا ہے ۔انھوں نے چوری شدہ سامان کی برآمدگی کی یقین دہانی کراتے ہوئے متعلقہ تھانہ کو ہدایت جاری کردی ہیں۔یاد رہے کہ واقعہ 28جون 2024ء کی صبح 10 بجے پیش آیا۔