مظفر آباد(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کشمیر کی تاریخ میں ایک سیاہ ترین دن کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر نے” یوم استحصال کشمیر “کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں آبادی کاری کے نوآبادیاتی منصوبے پر عمل پیرا ہے ، وہ کشمیریوں کو زمینوں اور دیگر املاک سے محروم کر رہاہے۔مودی حکومت نے 370 اور 35A غیر قانونی طور پر منسوخ کر کے ایک بڑی آئینی دھوکہ دہی کا ارتکاب کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہندو توا مودی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں آبادکاری کے نوآبادیاتی ایجنڈے کو عملی شکل دینے کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں ، وہ بڑی تعداد میں بھارتی ہندووﺅں کو علاقے میں آباد کر کے یہاں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی انتظامیہ نے 2019 سے لاکھوں غیر ریاستی لوگوں کو مقبوضہ علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کیے ، مقبوضہ علاقے کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول قائم کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پانچ سال گزرنے کے باوجود کشمیر میں کچھ نہیں بدلا۔ کشمیریوں کے سیاسی وجمہوری حقوق مسلسل معطل ہیں اور وہ گھٹن کے ماحول میں جی رہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر کے بہادر عوام نے بھارت کے غیر قانونی قبضے کو قبول نہیں کیا ہے۔ انہوںنے محکوم لوگوں کے حوصلوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے دیرینہ تنازعہ کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق پرامن طریقے سے حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر بھی زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کریں۔انہوں نے دفاع وطن کے لیے قربانیوں کی بے مثال تاریخ رقم کرنے پر پاک فوج کو سلام پیش کیا اور کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔