کراچی۔ (نمائندہ خصوصی ):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ 5 اگست کے روز بھارت نے عالمی قوانین پامال کرتے ہوئے یکطرفہ اقدام اٹھایا، یہ اقدام متنازعہ علاقہ پر غاصبانہ قبضہ کے لئے اٹھایا گیا۔یوم استحصال کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں عوام کے حقوق سے انکار بھارت کا غیر قانونی عمل ہے تاہم بھارت کشمیری عوام کی آزادی کی تڑپ کو کم نہیں کر سکتا، یہ بھارتی ریاستی دہشت گردی ہے جو حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتی۔ غیر ریاستی لوگوں کو آباد کر کے انہیں ڈومیسائل بنا کر دیئے، انتخابی فہرستوں میں غیر ریاستی افراد کا شمار کر کے نئے نئے ہتھکنڈے استعمال کئے۔بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کی تاریخ کو بھارت جبر کے ذریعہ تبدیل نہیں کر سکتا ہے،پاکستان کی پوری قوم اپنے کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑی ہیں۔حق خودارادیت کے لئے کشمیری بھائیوں کی جدوجہد کی حمایت کرتے رہیں گے۔بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر کے بھائیوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ بھارت نے کشمیری عوام کو دبانے کے لئے طاقت کا استعمال کیا۔ عالمی برادری بھارت کے غیر قانونی اقدام کا نوٹس لے۔گورنر سندھ نے عالمی برادری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات کو واپس لینے کے لئے بھارت پر دبائوڈالے اور کشمیر میں انسانی حقوق بحال کرائے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک کشمیریوں کو آزادی نہیں مِل جاتی، ایک بھی پاکستانی چین سے نہیں بیٹھے گا، پاکستان مظلوم کشمیریوں کی جدجہدِ حقِ خودارادیت کی ہر ممکن اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا