لاہور(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک )جیسے قومی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کام کرنا چا ہیئے۔وزیر اعظم میڈیا آفس کے پریس ونگ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف سے چین کے سرکاری ادارے ’’چائنا پبلک ڈپلومیسی ایسوسی ایشن ‘‘کی دعوت پر چین کے سرکاری دورے سے واپس آنے والے صحافیوں کے سات رکنی وفد نے اتوار کو لاہور میں ملاقات کیوزیر اعظم نے کہا کہ اپنے حالیہ دورہ چین میں چینی قیادت اور چینی عوام کی جانب سے مثالی مہمان نوازی پر انکے مشکور ہیں، حالیہ دورہ چین کے بعد مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر پیش رفت کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی کیلئے تمام تر اقدامات
یقینی بنائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین جیسے دیرینہ دوست کے ساتھ تعلقات پر سیاست کی کسی بھی قسم کی گنجائش نہیں، سی پیک کے دوسرے مرحلے پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ چینی ماہرین کے پاکستان کے حالیہ دورے میں مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید فروع پر مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔ وفد میں دنیا نیوز کے سلمان غنی، عامر میر، ہم نیوز کے شیراز حسن، روزنامہ جنگ کے خضر حیات ، ڈان نیوز کے خالد حسنین، جیو نیوز کے اعظم ملک اور پاکستان ٹیلی ویژن کے مطیع الرحمان شامل تھے۔وفد کے ارکان نے وزیر اعظم کو اپنے دورہِ چین کے دوران تجربات اور پاک چین تعلقات کے حوالے سے اپنے خیالات سے آگاہ کیا۔وفد نے اپنے دورہِ چین کے دوران ہونے والی ملاقاتوں کی بنیاد پر وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔وفد نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں حکومت کی کاروبار و سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔وفد نے وزیرِ اعظم کو چینی قیادت اور چینی عوام کے حکومت پاکستان کے بارے تاثرات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاری بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری پر کام کی موجودہ رفتار اور منصوبوں کی تکمیل کیلئے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومتی اقدامات پر اطمینان کا تاثر پایا جاتا ہے۔چینی عہدیداران نے شہباز اسپیڈ کا بارہا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم کے اصلاحاتی اقدامات کی بھی تعریف کی۔ وفد کے شرکا نے مزید بتایا کہ انکے حالیہ دورے کے دوران چینی عہدیداران سے ملاقات میں چین پاکستان معاشی شراکت داری کے بارے میں عمومی اورسی پیک پر خصوصی گرم جوشی کا تاثر ملا ہے۔