لاہور۔(نمائندہ خصوصی ):وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے معاشی ٹیم کو ایف بی آر کی ٹرانسفارمیشن کی رفتار کو تیز کرنے کا ہدف دیتے ہوئے کہا ہے کہ مکمل ڈیجٹائزیشن اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریسٹرکچرنگ ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کا حصہ ہیں، پاکستان کے ٹیکس نظام کی بہتری کیلئے ایف بی آر میں اصلاحات بہت ضروری ہیں، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے خرابیوں و بےضابطگیوں کے ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی کی جائے۔پرائم منسٹر آفس کے پریس ونگ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق یہ ہدایات وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ٹریک اینڈ ٹریس کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے معاشی ٹیم کو ایف بی آر کی ٹرانسفارمیشن کی رفتار کو تیز کرنے کا ہدف دیا۔ انہوں نے کہاکہ مکمل ڈیجیٹائزیشن اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریسٹرکچرنگ ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان کا حصہ ہیں۔وزیرِ اعظم نے وزیرِ مملکت برائے خزانہ کو ایف بی آر ٹرانسفارمیشن منصوبے کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی۔ اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم کو ٹریک اینڈ ٹریس کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔وزیرِ اعظم نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے خرابیوں و بے ضابطگیوں کے ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی کی ہدایت کی ۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے ٹیکس نظام کی بہتری کیلئے ایف بی آر کی اصلاحات بہت ضروری ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کے غریب عوام کی ایک ایک پائی بچانے کیلئے دن رات محنت کریں گے ۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن حکومت کی اولین ترجیح ہے، ایف بی آر کی ڈیجیٹائیزیشن میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں۔ اجلاس میں وفاقی وزرا ء محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت علی پرویز ملک، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے حوالے سے رپورٹ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ایف بی آر کی ڈیجیٹائیزیشن پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے ایف بی آر کی ٹریک اینڈ ٹریس کے مکمل نفاذ میں غفلت کے ذمہ داران کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کیلئے تمام اقدامات پر جلد عملدرآمد کی ہدایت کر دی۔