راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی ):چیف آف سٹاف ترکیہ نیول فورسز وائس ایڈمرل ابراہیم اوزدیم نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق نیول ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ترک چیف آف اسٹاف کی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ترک ایڈمرل نے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔پاک بحریہ اور ترکیہ بحریہ کے مابین چھٹی ماہرین کی سطح کے اسٹاف مذاکرات کا انعقاد کیاگیا۔مذاکرات کے دوران مشترکہ آپریشنز، تربیت اور تکنیکی شعبوں سے متعلق وسیع امور پر بات چیت کی گئی۔ترکیہ بحریہ کے وفد کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کی بحریہ کے مابین مضبوط اور درینہ تعلقات کا عکاس ہے۔