کراچی (اسٹاف رپورٹر) این اے 240 کے ضمنی انتخاب میں بدامنی کے واقعات پر الیکشن کمیشن کے 2 افسران کے خلاف کارروائی نے دیگر افسران میں خوف پیدا کردیا، تحقیقاتی کمیٹی نے ریجنل الیکشن کمشنر کراچی و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر سید ندیم حیدر اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر کورنگی و ریٹرننگ افسر عبدالرزاق کو او ایس ڈی بنادیا ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 16 جون 2022 کو کراچی کے حلقہ این اے 240 کے ضمنی انتخاب کے دوران بدامنی کے واقعات پر پی ایس پی کے سربراہ مصطفی کمال اور ریٹرننگ افسر عبدالرزاق کو نوٹس جاری کیے تھے بعدازاں سید ندیم حیدر کو بھی تحقیقات میں شامل کرلیا گیا۔
اپنا نام نہ بتانے کی شرط پر الیکشن کمیشن کے بعض افسران کا کہنا تھا کہ غیر انتخابی مسائل پر اس کارروائی نے ہمیں مستقبل کے اندیشوں میں مبتلا کردیا ہے، کراچی میں انتخابات کے دوران امن و امان کے مسائل عام ہیں مگر اس کا براہ راست تعلق پولیس سے ہے اگر اس بنیاد پر الیکشن کمیشن کے افسران کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے تو آئندہ کسی بھی انتخاب میں آر اور ڈی آر او کے سر پر تلوار لٹکتی رہے گی، خاص طور پر بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کا انعقاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران پولیس سمیت تمام ادارے الیکشن کمیشن کے ماتحت ہوتے ہیں، ہم اس حوالے سے معلقہ اداروں کے ساتھ مل کر سیکورٹی سمیت دیگر منصوبوں کی تیاری کو بہتر بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں
مگر عملی طور پر اس پر عمل کرنا پولیس کا کام ہے، کسی بھی واقعے کی صورت میں ہم کارروائی بھی کرتے ہیں اور پولیس کو ایکشن لینے کا حکم بھی دیا جاتا ہے مگر ان واقعات کو روکنا پولیس کا کام ہے، الیکشن کمیشن کے افسران کی اصل ذمے داری شفاف طریقے سے انتخابات کا انعقاد ہے جو بااحسن طریقے سے کیا جارہا ہے۔ اس معاملے پر کوشش کے باوجود سید ندیم حیدر سے رابطہ ممکن نہ ہوسکا۔ انہیں 27 جولائی کو این اے 245 کے ضمنی انتخاب کا ریٹرننگ افسر بنایا گیا تھا مگر اب ان کی جگہ خیر پور کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر محمد یوسف کو این اے 245 کا ریٹرننگ افسر بنادیا گیا ہے۔