نئی دلی (نمائندہ خصوصی ):بھارت میں مودی حکومت نے یوٹیوب پراپنے خلاف دستاویزی فلم کو بلاک کروا دیاہے۔فلم میں دنیا بھرمیں دہشت گردی سے متعلق مودی حکومت کے گھنائونے چہرے کو بے نقاب کیاگیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق17جون کو آسٹریلوی دستاویزی فلم ”ان فلٹریٹنگ آسٹریلیا،انڈیا سیکرٹ وار” میں مودی سرکار کی گھنائونی اصلیت سے پردہ اٹھایاگیاتھا۔ دستاویزی فلم میں بھارتی جاسوسوں کی جانب سے آسٹریلیا میں مقیم سکھوں کو نشانہ بنانے کی نشاندہی کی گئی تھی۔دی وائر کے مطابق آسٹریلوی اے بی سی نیوز کی ڈاکو منٹری میں دکھایاگیا ہے کہ کس طرح مودی حکومت پر تنقید کرنے پر بیرون ملک مقیم سکھوں کو بھارتی خفیہ ایجنسیوں نے نشانہ بنایا ہے۔ بھارت کی وزارت انفارمیشن اور براڈکاسٹنگ کے حکم پر اس دستاویزی فلم کو یوٹیوب بلاک کرنے کو کہا گیا۔ یوٹیوب کی جانب سے آسٹریلوی چینل کو نوٹس بھیجا گیا ہے کہ وہ اس دستاویزی فلم کو بھارت میں چلانے سے روکے۔آسٹریلوی چینل کے بارہا منع کرنے کے باوجود مودی سرکار نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس فلم کو بلاک کرنے پر اصرار کیا ۔ مارچ 2024 میں یوٹیوب نے ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں مودی سرکار کے ملوث ہونے سے متعلق دستاویزی فلم کو بھی بلاک کیا تھا۔ اس سے قبل بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے گجرات فسادات میں مودی کے مرکزی کردار سے متعلق دستاویزی فلم میں برطانوی نشریاتی ادارے کو ہتک عزت کا نوٹس جاری کیا گیاتھا۔ مودی حکومت نے اس دستاویزی فلم کو متعصبانہ پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے ملک میں اس فلم کے کسی بھی کلپ کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے سے روک دیاتھا۔