کراچی (بیورو رپورٹ) یکم اگست سے ہم نے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا ہے۔ ملک کو گلوبل وارمنگ سے نکالنے اور کراچی کو شدید گرمی سے بچانے کے لئے عوام درخت لگائیں۔ پاکستان سے ایفائے عہد کا اعلان کریں۔ پاکستان کی افواج ہمارا مان ہیں۔ ملک کی ترقی کے لئے ایندھن کا کردار ادا کریں گے۔ یہ بات سماجی رہنما و سرپرست اعلی انجمن اتحاد ملت شہنیلہ خانزادہ نے لائنز کلب، برداشت اور انجمن اتحاد ملت کی شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر عبدالحفیظ انصاری، وزیر سہتو، عمار خان، کراچی رائٹس کے رضا کارموجود تھے۔ سچل کی سماجی آرگنائزیشن نے بھی پودے لگائے اور بارش میں انکی حٖفاظت کے لئے جنگلے بھی نصب کئے جو عارضی طور پر لگائے گئے ہیں۔ شہنیلہ خانزادہ نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ عوام اپنا فریضہ بھی ادا کریں۔ شجرکاری مہم عین عبادت کی طرح ہے۔ خلق خدا کو موسمی اثرات سے بچانا ہے۔ بارش نعمت ہے لیکن شجرکاری کرتے وقت پودے کی حفاظت کا بھی بندوبست کریں۔