اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں،چینی شہریوں کو مفت ویزہ کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا ہے جس پر 14 اگست سے عملدرآمد ہوگا،مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں،مشترکہ منصوبوں کے ذریعے چینی صنعت کی پاکستان منتقلی سودمند ثابت ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں12 رکنی اعلیٰ سطحی چینی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس نے وانگ فوکانگ کی قیادت میں وزیر اعظم سے ملاقات کی۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء سید محسن نقوی، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، احد خان چیمہ، معاون خصوصی طارق فاطمی، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل کے ساتھ ساتھ چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں آپ کا خیرمقدم کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے، یقین
ہے کہ آپ کا دورہ انتہائی مفید ثابت ہو گا، چینی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کے نتیجہ میں اعلیٰ سطح کے وفود پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں میں صنعت، زراعت اور خصوصی اقتصادی زونز میں تعاون بڑھے گا، دونوں ملکوں میں کان کنی، معدنیات اور آئی ٹی میں بھی تعاون فروغ پائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چینی وفد کے دورہ سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، ہم چین کی ترقی کے ماڈل پر اپنی معیشت کا فروغ چاہتے ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان صنعتی تعاون وقت کا تقاضا ہے، مشترکہ منصوبوں کے ذریعے چینی صنعت کی پاکستان منتقلی فائدہ مند ثابت ہو گی، مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبے دونوں ملکوں کے مفاد میں ہیں۔وزیراعظم نے چینی وفد کو آگاہ کیا کہ کابینہ کے گذشتہ اجلاس میں چینی شہریوں کو مفت ویزہ فراہمی کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس فیصلے پر عملدرآمد 14 اگست سے ہو گا۔ وزیراعظم نے وفد سے بشام واقعہ پر پاکستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ان افراد کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے گی، پاکستان میں چینی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان دوستی پہاڑوں سے اونچی اور سمندروں سے گہری ہے، چین کے تعاون سے پاکستان نے اپنا سیٹلائٹ فضا میں بھیجا ہے، دونوں ملکوں کی دوستی لازوال رشتے میں بندھی ہے۔چینی وفد وزیراعظم کے دورہ چین کے بعد چین کے پاکستان میں مختلف شعبوں میں تعاون اور اشتراک کیلئے پاکستان کے دورے پر ہے۔12 رکنی چینی وفد میں 10 مختلف وزارتوں کے نمائندے شریک ہیں۔وزیراعظم نے چینی قیادت صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے چینی وفد کا خیر مقدم کیا۔چینی ماہرین کا اعلیٰ سطحی وفد پاکستان میں چینی سرمایہ کاری، سی پیک کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے اشتراک و تعاون اور پاکستان کی برآمدات کے فروغ پر اپنی آراء پیش کرے گا۔چینی وفد پاکستان میں مختلف وزارتوں، شعبے کے ماہرین سے ملاقاتیں اور مختلف جگہوں کا دورہ کرے گا۔چینی وفد انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، صنعت، سرمایہ کاری، توانائی، معدنیات اور کان کنی، اسپیشل اکنامک زونز، اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تجاویز دے گا۔