اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے منگل کو تہران کا دورہ کیا اور ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان کی تقریب حلف برداری میں پاکستان کی نمائندگی کی۔دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ نائب وزیراعظم نے دورہ تہران کے دوران ایران کے نئے صدر کو پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔ترجمان نے کہا کہ محمد اسحاق ڈار نے ایران کی نئی سیاسی انتظامیہ کو اقتدار کی کامیاب اور ہموار منتقلی پر ایرانی قوم کو مبارکباد دی۔ ترجمان نے کہا کہ نائب وزیراعظم نے نئی ایرانی انتظامیہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کی حمایت اور یکجہتی کا بھی اظہار کیا۔ترجمان نے کہا کہ ڈاکٹر پیزشکیان نے تہنیتی پیغامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک ہونے کی حیثیت سے ایران پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے لیے پر عزم ہے۔