کراچی( نمائندہ خصوصی ) چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے صوبے بھر کے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ریسکیو 1122 کے عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے پیش نظر تمام محکمے ہائے الرٹ رہیں۔ انہوں نے تمام بلدیاتی اداروں اور محکمہ صحت میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔چیف سیکریٹری سندھ نے پی ڈی ایم اے کو ہنگامی آلات، مشینری، ڈی واٹرنگ پمپ اور عملے کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ شہری علاقوں سے بارش کے پانی کا نکاس مؤثر طریقے سے ممکن ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ ادارے محکمہ موسمیات کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں تاکہ موسم کی صورتحال سے بروقت آگاہی حاصل کی جا سکے۔انہوں نے کے الیکٹرک، سیپکو اور حیسکو کو بھی ہدایت کی کہ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ پانی کی بروقت نکاسی ممکن ہو سکے۔چیف سیکریٹری نے تاکید کی کہ تمام محکمے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دیں۔ شہریوں سے بھی گزارش کی جاتی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔