لاہور۔(نمائندہ خصوصی ):چیئرپرسن ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے بدھ کو سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل سے ملاقات کی۔ملاقات میں خواتین اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے حقوق کے تحفظ پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ حنا پرویز بٹ نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کا مشن ہے کہ خواتین اور مظلوم طبقات پر ہونے والے ظلم کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ظالم کے خلاف پوری طاقت سے کھڑے ہو کر مظلوم کو انصاف دلوانا ہمارا مشن ہے۔حنا پرویز بٹ نے کہا کہ سنگین جرائم کے مقدمات کو آرگنائزڈ کرائم یونٹ کے ذریعے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے ہدایت جاری کی کہ خواتین سے متعلقہ کیسز میں فورینزک رپورٹ اولین ترجیح کے طور پر تیار کی جائے۔ مزید براں سیکرٹری داخلہ نے ہدایت دی کہ خواتین سے متعلقہ کیسز کی فارنزک رپورٹ 48 گھنٹوں میں جمع کروائی جائے۔انہوں نے یقین دلایا کہ محکمہ داخلہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔ حنا پرویز بٹ نے کہا کہ خواتین خود کو تنہا تصور نہ کریں، تمام ریاستی ادارے ان کے تحفظ کے لئے مصروف عمل ہیں۔