برسلز(نمائندہ خصوصی )بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے بے گناہ عوام کی حالت زار کو اجاگر کرنے کے لئے یوم استحصال کشمیر 5 اگست کی مناسبت سے برسلز میں پاکستانی سفارتخانے نے ایک تصویری نمائش کا اہتمام کیا جو ایک ہفتے تک عوام کے لیے جاری رہے گی ۔بدھ کو بیلجئیم میں پاکستانی سفارتخانہ کی ایکس پر پوسٹ کے مطابق تصویری نمائش مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو درپیش جدوجہد اور مشکلات کی ایک بصری داستان پیش کرتی ہے۔ تصاویر پر مبنی یہ نمائش انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے میں انصاف اور امن کو یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی مداخلت کی فوری ضرورت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی کاوش کی عکاسی کرتی ہے۔اس موقع پر سفیر آمنہ بلوچ نے اپنے افتتاحی خطاب کے دوران کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے طور پر یوم استحصال کشمیر کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جائز جدوجہد میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نمائش کشمیری عوام کی حالت زار کی جانب بین الاقوامی توجہ مبذول کرانے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔ یہ بہت اہم ہے کہ دنیا بھارتی غیر قانونی زیر تسلط کشمیر میں ہونے والی ناانصافیوں کا ادراک کرے ،یہ جاری تنازعہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی پر مبنی ہندوستان کے غیر قانونی اقدام کی بھرپور یاد دہانی کراتی ہے، برسلز میں پاکستان کے سفارت خانہ نے عوام کو نمائش دیکھنے اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی دعوت دی ہے۔