اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں انٹر نیٹ کی تیز تر اور بلا تعطل فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائزیشن معیشت کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے اور خود کار نظام کے لئے سنگ میل ہوگی۔ وہ بدھ کو یہاں ایشیا انٹرنیٹ کولیشن کے 3 رکنی وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے وزیراعظم سے یہاں ملاقات کی ۔ وفد کی قیادت مینجنگ ڈائریکٹر ایشیا انٹرنیٹ کولیشن جیف پئین کر رہے تھے۔ملاقات میں ڈیٹا کے تحفظ ، انٹر نیٹ پر مواد کے حوالے سے ضابطہ اخلاق اور الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے حوالے سے حکمت عملی پر گفتگو
کی گئی ۔وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں انٹرنیٹ کی تیز تر اور بلا تعطل فراہمی کے لیے حکومت بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے ،پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی انفراسٹرکچر میں بیرونی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے حوالے سے حکمت عملی پر عمل درآمد جاری ہے،حکومت مصنوعی ذہانت پر مبنی بنیادی ڈھانچے کی ترویج پر کام کر رہی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم مصنوعی ذہانت انفراسٹرکچر کے حوالے سے پاکستان کو خطے میں ایک نمایاں ملک بنانے کے حوالے سے پر عزم ہیں،حکومت کے ڈیجیٹل پاکستان انیشی ایٹوکے تحت سارے نظام کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائزیشن معیشت کو ڈیجیٹل خطوط اور خود کار نظام کی طرف لے جانے کے حوالے سے ایک بڑا سنگ میل ہو گا ۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل کے مسودے پر تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔وزیراعظم نے پاکستان اور ایشیا پیسفک ریجن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انٹر نیٹ انفراسٹرکچر کے فروغ کے لئے ایشیا انٹرنیٹ کولیشن کی خدمات کو سراہا۔وفد نے وزیراعظم کو ایشیا انٹرنیٹ کولیشن کے پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں جاری اپنی سروسز سے آگاہ کیا ۔ ملاقات میں وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ ، تانیہ ادروس اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔