اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لئے ریاست کے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،ایسے علاقے جہاں سکیورٹی کے چیلنجز ہیں وہاں ہر بچے کو پولیو ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار انسداد پولیو قومی ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے قومی صحت ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو ڈاکٹر عائشہ رضا فاروق ، سیکرٹری قومی صحت ڈاکٹر ندیم محبوب اور نیشنل کوآرڈینیٹر برائے انسداد پولیو محمد انوار الحق موجود تھے۔–وزیراعظم نے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز کی لگن حکومت پاکستان کے عزم اور پارٹنرز کے تعاون سے پاکستان نے پولیو کے خلاف اہم پیشرفت کی ہے ،یہ امر تشویشناک ہے کہ پاکستان ان دو ممالک میں سے ایک ہے جہاں پولیو کا چیلنج موجود ہے ۔اس موقع پر وزیراعظم کو انسداد پولیو کے حوالے سے حکمت عملی پر بریفنگ دی اور انہیں انسداد پولیو کے حوالے دو ،چار اور چھ مہینے کے پلان کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ 2024ء میں اب تک ملک بھر سے رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد 9 ہو چکی ہے ،ستمبر، اکتوبر اور دسمبر 2024 میں پولیو ویکسین کی ملک گیر مہم کا انعقاد کیا جائے گا،ایسے بچے جو کہ پولیو ویکسین پینے سے محروم رہ گئے ان کے ڈیٹا کو ڈیجیٹائز کیا گیا ہے تا کہ ڈیجیٹل ٹریکنگ کی مدد سے ان کی ویکسی نیشن کی جا سکے۔