لندن:(مانیٹرنگ ڈیسک ) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اراکین کے وفد سے جموں و کشمیرتحریک حق خود ارادیت برطانیہ، انٹرنیشنل لابی آن کشمیر اور برطانیہ میں مقیم انٹرنیشنل سٹوڈنٹس سوسائٹی کے نمائندوں نے ملاقات کی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں کہاگیاہے کہ ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا موقف واضح ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور طاقت کے وحشیانہ استعمال کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج عوام کو ان کے جائز حق سے محروم کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ انہوں نے کشمیریوں کیلئے آواز اٹھانے کیلئے کام کرنے والے برطانیہ میں مقیم پلیٹ فارمز کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم اور دیگر عالمی پلیٹ فارمز پر اجاگر کیا ہے ۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی عنصر ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ بین الاقوامی قوانین، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلے کاپرامن حل نکالا جائے۔ کشمیری وفد میں جموں و کشمیر سیلف ڈیٹرمینیشن موومنٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین، مانچسٹر کی سابقہ لارڈ میئر کونسلر یاسمین ڈار چیئرپرسن انٹرنیشنل لابی آن کشمیر اور ذیشان عراف صدر انٹرنیشنل سٹوڈنٹس سوسائٹی شامل تھے۔