نئی دلی:(مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی سپریم کورٹ نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر مودی حکومت کی سخت سرزنش کی ہے اور 2لاکھ روپے کا جرمانہ بھی کیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سپریم کورٹ نے چند سال قبل فوج کو ون رینک ون پنشن اسکیم کے مطابق ریٹائرڈ کپتانوں کو واجبات ادا کرنے کاحکم دیاتھا ۔ سپریم کورٹ نے منگل کو اس سلسلے میں ایک درخواست کی سماعت کے دوران بقایا پنشن واجبات کی ادائیگی سے متعلق کوئی فیصلہ نہ کرنے پر مودی حکومت کی سخت سرزنش کی اور عدالتی احکامات پر عمل نہ کرنے دو لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس آر مہادیون پر مشتمل سپریم کورٹ کے ایک بنچ نے مودی حکومت کو ریٹائرڈفوجی افسروں کی پنشن کی ادائیگی میں حائل رکاوٹیں دورکرنے کیلئے 14نومبر تک کی مہلت دی ہے ۔ عدالت نے حکومت کو فوج کے فلاحی فنڈ میں 2لاکھ روپے جرمانے کی رقم جمع کرانے کا بھی حکم جاری کیا ۔ سپریم کورٹ نے مودی حکومت کو14نومبر تک کوئی فیصلہ نہیں کرنے کی صورت میں ریٹائرڈ کپتانوں کی 10فیصد اضافی پنشن دینے کی ہدایت دی ۔ عدالت نے مقدمے کی آئندہ سماعت25نومبر تک ملتوی کر دی ہے ۔