اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹ میں پارلیمانی پارٹی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکشوں اور ناز نخرے اٹھانے کا زمانہ گزر گیا، اب اُس کی عرضیوں کا زمانہ شروع ہو چکا ہے۔پیر کو پارلیمنٹ ہائوس سے باہر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے پہلے بھی کھلے تھے، اب بھی کھلے ہیں لیکن اب پی ٹی آئی کو پیشکش کرنے اور ان کے ناز نخرے اٹھانے کا زمانہ گزر چکا ہے، اب ہماری طرف سے کوئی پیشکش نہیں ہو گی ۔دسمبر میں پی ٹی آئی حکومت آنے کے بارے میں اسد قیصر کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں،پی ٹی آئی کے لیڈر خود بھی دیکھ رہے ہیں اور اپنے کارکنوں کو بھی دکھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دسمبر بھی گزر جائے گا ،پھر 2025 شروع ہو جائے گا کچھ نہیں ہونے والا، حکومت ،انشاءاللہ پانچ سال پورے کرے گی۔