نیویارک۔(نمائندہ خصوصی ):امریکی اداروں اے بی سی اور اپسوس کے سروے پول کے مطابق ملک کی نائب صدر اور آئندہ انتخابات میں صدارتی امیدوار کملا دیوی ہیرس کی عوامی سطح پر پسندیدگی کی شرح بڑھ کر 43 فیصد ہوگئی ہے، چند دن قبل(صدر جو بائیڈن کی ان کی بطور صدارتی امیدوار توثیق کے بعد) ان کی عوامی پسندیدگی کی شرح 35 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔گزشتہ روز جاری کیے گئے ایک سروے کے مطابق کملا ہیرس کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے بالخصوص جب سے صدر جو بائیڈن نے اپنی دستبرداری اور ہیرس کی نامزدگی کی توثیق کی اس کے بعد ان کی مقبولیت بڑھ رہی ہے۔20 جولائی کو صدر جو بائیڈ ن کی طرف سے صدارتی انتخاب نہ لڑنے کے اعلان کے بعد سابق صدر باراک اوباما سمیت زیادہ تر بڑے ڈیموکریٹس نے کملا ہیریس کی حمایت کی ۔سروے کے مطابق 48 فیصد امریکیوں کملا ہیرس کے ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار بننے جبکہ ،39 فیصد نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ریپبلکن امیدوار بننے کی حمایت کی ۔88 فیصد ڈیموکریٹ اور 70 فیصد سیاہ فام امریکی کملا ہیرس کےصدارتی امیدوار بننے پر خوش ہوں گے ۔ حالیہ سروے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی پسندیدگی 40 فیصد سے کم ہوکر 36 فیصد ہو گئی ہے۔