اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی” فچ“ کی طرف سے پاکستان کی ریٹنگ ٹرپل سی پلس کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کی خاطر سیاست کی قربانی کا ثمر آج معاشی بہتری کی صورت میں ملک اور قوم کو مل رہا ہے،پاکستان کی عالمی ریٹنگ ٹرپل سی پلس ہونا درست معاشی پالیسی کا عالمی اعتراف ہے،وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور مالیاتی ٹیم کی محنت اور کاوشیں قابل تعریف ہیں۔پیر کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ریاست کی خاطر سیاست کی قربانی کا ثمر آج معاشی بہتری کی صورت میں ملک اور قوم کو مل رہا ہے،پاکستان کی عالمی ریٹنگ ٹرپل سی پلس ہونا درست معاشی پالیسی کا عالمی اعتراف ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر دن رات کام کر رہے ہیں، اس کے ثمرات عوام تک پہنچا کر دم لیں گے،فچ اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کی رپورٹس پاکستان کی معاشی بہتری کے حوالے سے اہم ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معاشی بہتری کے راستے پر مزید محنت اور جذبے سے آگے بڑھیں گے،امید ہے آئی ایم ایف کے نئے پروگرام سے پاکستان کی معاشی بہتری اور سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں مزید ایک فیصد کمی کا اعلان بھی معاشی بہتری کی ایک اور جھلک ہے،شرح سود میں کمی سے افراط زر میں مزید کمی ہوگی، کاروباری سرگرمیوں میں مزید اضافہ ہوگا۔