اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):صدر مملکت آصف علی زرداری نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن سول سروس میں بھرتی کا عمل مزید بہتر بنانے اور سرکاری ملازمتوں میں خواتین اور اقلیتوں کی نمائندگی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ موثر اور شفاف بھرتی کے عمل سے اہل اور باصلاحیت سرکاری ملازمین کے انتخاب میں مدد ملے گی۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے سینئر ممبر اکبر حسین درانی کی قیادت میں وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا جس نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا کہ کمیشن پر سرکاری ملازمین کی بھرتی کی اہم ذمہ داری عائد ہے، کمیشن ملازمت کیلئے درست شخص کے انتخاب کیلئے جدید طریقہ کار پر غور کرے۔ صدر مملکت نے خواتین اور اقلیتوں کی معاشرے کے مرکزی دھارے میں شمولیت بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں خواتین اور اقلیتوں کی نمائندگی بڑھانا ہوگی آصف علی زرداری نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور نئے طریقوں خصوصاً کمپیوٹرائزڈ ٹیسٹنگ سے بھرتی کا عمل مزید موثر اور شفاف بنانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ تحریری امتحان میں اچھے نمبر حاصل کرنے والے امیدواران کو منصفانہ طور پر جانچا جائے۔اکبر حسین درانی نے صدر مملکت کو سرکاری ملازمین کی بھرتی میں کمیشن کے کردار بارے آگاہ کیا اور کمیشن کو درپیش بعض مسائل پر بھی روشنی ڈالی۔ صدر مملکت نے وفد کو مسائل کے حل اور بھرتی کا نظام بہتر بنانے میں اپنے تعاون اور رہنمائی کا یقین دلایا۔