کراچی ( بیورو رپورٹ ) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کی خدمت کرنے والوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، کراچی کی سڑکوں ، شاہراہوں،پلوں ، انڈرپاسز اور فلائی اوورز کو ان شخصیات سے موسوم کریں گے جنہوں نے مختلف شعبوں میں گرانقدر خدمات فراہم کیں اور شہر کی ترقی میں عملی طور پر حصہ لیا، یہ بات انہوں نے خیابان اقبال پر گرین بیلٹ کو مرحوم سینئر صحافی طلعت اسلم کے نام سے منسوب کرنے کے موقع پر کہی، طلعت اسلم کے خاندان کے افراد اور صحافی بھی اس موقع پر موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ دو تلوار سے لے کر کے پی ٹی انڈرپاس تک اس خوبصورت گرین بیلٹ کی تعمیر کے دوران ہی طلعت اسلم کا انتقال ہوا لہٰذا ہم نے یہ فیصلہ کیا کہ اس گرین بیلٹ کو ان کے نام سے منسوب کردیا جائے
تاکہ ان کی خدمات ہمیشہ یاد رہیں، انہوں نے کہا کہ طلعت اسلم نے مختلف بڑے اخبارات و جرائد میں بطور ایڈیٹر کام کیا اور اس شعبے میں بہت نام کمایا، صحافت میں طویل خدمات کی وجہ سے ان کا شمار بہترین صحافیوں میں کیا جاتا تھا، ہم چاہتے ہیں کہ آنے والی نسلیں ایسے نامور افراد کے کارناموں سے واقفیت حاصل کریں اور ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جس شعبے کو بھی اپنے لئے منتخب کریں اس میں نام پیدا کریں، ماہر تعلیم مسز دینا مستری، عالمی شہرت یافتہ قوال امجد فرید صابری اور سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان ایڈوکیٹ کی اپنے اپنے شعبوں میں شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سخی حسن پل ، غریب آباد انڈرپاس اور اربن فاریسٹ کلفٹن کو ان شخصیات سے منسوب کیا گیا جبکہ ضلع شرقی میں واقع ڈالمیا روڈ نیشنل اسٹیڈیم روڈ تا ملینیئم مال سڑک کا نام ایئرکموڈور Wladyslaw Turowicz سے منسوب کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہر کی خدمت کر رہی ہے
مختلف اضلاع میں پارکس، گرین بیلٹس اور سیوریج سسٹم کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ شہر بھر میں سڑکوں اور فلائی اوور کی تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے جس سے شہریوں کو ان کی روزمرہ زندگی میں خاطر خواہ سہولت ملے گی، کراچی کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے لئے جو بھی وسائل دستیاب ہیں انہیں بروئے کار لا کر ترقیاتی کام کرارہے ہیں، سڑکوں اور پارکوں کی تعمیر کے ساتھ شجر کاری کا سلسلہ بھی جاری ہے، کراچی کو سرسبز، خوبصورت اور ہرا بھرا بنانے کے لئے شہر کے ہر حصے میں کام کر رہے ہیں جنہیں نہ صرف شہریوں نے سراہا ہے بلکہ شہر کی بہتری میں اپنے حصے کا کردار ادا کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی ہے جو ان کے موجودہ شہری انتظامیہ پر گہرے اعتماد کا ثبوت ہے۔