واشنگٹن۔(مانیٹرنگ ڈیسک ) امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے اعتراف کیا ہے کہ اگرچہ ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دینا ایک مشکل مرحلہ ہوگا تاہم نئی صدارتی مہم ریپبلکن امیدوار کے ’بے دریغ جھوٹ‘ پر غالب ہو گی۔امریکی ریاست میساچیوسٹس میں ایک فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب میں ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار کملا ہیرس نے کہا کہ اس انتخابی دوڑ میں ہم کمزور پارٹی ہیں لیکن اس مہم کو لوگوں کی طاقت حاصل ہےانہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ میرے متعلق بے دریغ جھوٹ کا سہار لے رہا ہےجو کچھ وہ خود اور ان کا ساتھی کہہ رہے ہیں وہ سراسر جھوٹ ہے۔کملا ہیرس نے ڈونلڈ ٹرمپ کو چیلنج کیا ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر صدارتی مباحثے میں شریک ہوں اور ان کا مقابلہ کریں۔انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ (ڈونلڈ ٹرمپ) اس پر غور کریں گے کیونکہ ہمیں بہت سے معاملات پر بات کرنی ہے۔دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ وہ کھلے مقامات میں منعقد انتخابی ریلیوں میں شرکت کرتے رہیں گے ۔