راولپنڈی۔(نمائندہ خصوصی ):حکومتی ٹیم اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات شروع ہو گئے۔ حکومتی مذاکراتی ٹیم میں وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ، وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما طارق فضل چوہدری، وزیراعظم کے میڈیا کوآرڈینیٹر بدر شہباز شامل ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت لیاقت بلوچ کر رہے ہیں۔قبل ازیں اتوار کو کمشنر آفس راولپنڈی آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے رہنمائوں سے مذاکرات کے بعد تمام چیزوں سے آگاہ کیا جائے گا، ہماری جانب سے مذاکراتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، اویس لغاری ملک میں موجود نہیں، وہ چین گئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے رہنمائوں کے ساتھ مل بیٹھ کر بات کریں گے، جماعت اسلامی کے بجلی سے متعلقہ معاملات ہیں، ان کے تحفظات دور کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 200 یونٹ تک استعمال کرنے والے بجلی کے صارفین کو پہلے ہی 50 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی ہے، حکومت سولر پراجیکٹس بھی شروع کر رہی ہے، ڈیزل اور تیل پر چلنے والے پلانٹس کو بند کیا جائے گا، سولر ٹیوب ویل لگنے سے بجلی کی کھپت میں کمی ہوگی، ان اقدامات کا مقصد سستی اور معیاری بجلی پیدا کر کے بجلی کی قیمتوں کو کم کرنا ہے۔