اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 126 ممالک کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو بغیر فیس کے 24 گھنٹے کے اندر آن لائن نظام کے تحت ویزے جاری کئے جائیں گے،ویزا پالیسی میں نرمی کے فیصلے سے پاکستان غیر ملکیوں کے لئے کاروبار اور سیاحت کے حوالے سے ایک پر کشش مقام بن جائے گا،ویزا پالیسی میں نرمی سے معیشت مستحکم ہو گی،زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا۔اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیرونی سرمایہ کاروں،کاروباری برادری اور سیاحوں کے لئے ویزا کے حصول کو سہل اور آسان بنانے کے حوالے سے کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری ، کاروباری سرگرمیوں اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اہم قدم اٹھایا ہے،وفاقی وزارت داخلہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ویزہ رجیم میں نرمی کی ہے جو کہ ایک انتہائی مثبت پیشرفت ہے،گلف کنٹریز کونسل کے ممالک کے کاروباری شخصیات کے لیے پاکستان میں ویزا فری انٹری کی منظوری دی گئی ہے جس کی بدولت خلیجی ممالک سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع مزید بڑھیں گے۔وزیراعظم نے کہاکہ 126 ممالک کے تاجروں ، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو 24 گھنٹوں کے اندر آن لائن نظام کے تحت ویزا جاری کئے جائیں گے،ان 126 ممالک کے تاجروں اور سیاحوں کو ویزا فیس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے،ویزا پالیسی میں نرمی کے فیصلے سے پاکستان غیر ملکیوں کے لئے کاروبار اور سیاحت کے حوالے سے ایک پر کشش مقام بن جائے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ مذہبی سیاحت میں بہتری کے حوالے سے تیسرے ملک کا پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کے لئے ویزا آن ارائیول کی سہولت کے لئے الگ سے سب۔کیٹگری کی منظوری بھی دی گئی ہے،کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں پر الیکٹرانک گیٹس کاای نظام کا نفاذ کیا جا رہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ویزا پالیسی میں نرمی سے معیشت مستحکم ہو گی،زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو گا،پاکستان میں بہت سے مذاہب کے مقدس مقامات موجود ہیں اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر شمالی علاقے سیاحوں کے لئے جنت ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ نئی ویزا رجیم پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ میں ایک ڈیش بورڈ بھی قائم کیا جائے گا جو کہ موخر الذکر ممالک کے حوالے سے ویزا فری اینٹری، بزنس ویزا لسٹ اور ٹورسٹ ویزا آن ارائیول کی نگرانی کرے گا اور جائزہ رپورٹ فراہم کرے گا،نئی ویزا رجیم پر وزارت داخلہ ، اور دیگر متعلقہ وزارتوں اور اداروں کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔