لاہور(نمائندہ خصوصی )پاکستان مسلم لیگ (ن ) کے مرکزی رہنما بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل دہشتگردی کرنے والے ملک کو عدم استحکام کی جانب لے جانے کی کوشش کر رہے ہیں،نو مئی کے ملزمان کو چھوڑا گیا تو ریاست اور ملک کا نقصان ہو گا ،پی ٹی آئی دور میں پنجاب میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے گئے ،چینی سرمایہ کاری کے خلاف پراپیگنڈا کیا گیا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ 2013 سے 2018 تک محمد نواز شریف کے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا ، پاکستان کی معیشت مضبوط تھی ،روپیہ مستحکم تھا،ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو چکا تھا،نواز شریف نے ملک کو اندھیروں سے نکال کر روشنیوں میں بدل دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کے دور میں پاکستان کے اندر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی تھی، سی پیک اور سستی بجلی بننے جا رہی تھی لیکن بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر انکو غیر آئینی طریقے سے نا اہل کر دیا گیا، محمد نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کو جیل میں ڈال دیا گیا اور ایک ناتجربہ کار شخص کو اقتدار پر بٹھا دیا گیا جس نے ترقی کرتے پاکستان کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنا شروع کر دیں، سب سے پہلے پی ٹی آ ئی نے سی پیک پر حملہ کیا جس کے ذریعے پاکستان میں چینی کمپنیوں کی جانب سے 60ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری آ نا تھی، ریلوے ٹریکس، فیکٹری زونز، اور ایئر پورٹس بننے تھے ، اس منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ چیئر مین پی ٹی آ ئی نے پاکستان میں آنے والی اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کو روک دیا ، چینی سرمایہ کاری کے خلاف پراپیگنڈا کیا گیا ، پاکستان کے دوست ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات کو خراب کیا اور ملک کو تنہائی کی طرف دھکیل دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آ ئی کی معاشی ماہرین کی ٹیم نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے اور انہوں نے جان بوجھ کر ایک ڈیڑھ سال تک تک آ ئی ایم ایف سے مذاکرات نہیں کئے جس کی وجہ سے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان کی معیشت کا بیڑہ غرق کیا گیا اورملک میں ایک بھی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا ،پنجاب میں کرپشن کے ریکارڈ قائم کئے گئے، جو نقصان چیئرمین پی ٹی آ ئی پاکستان کو نقصان پہنچا سکتا ہے وہ کوئی اور نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی الزام تراشی کرتے ہیں کہ انہیں جیل میں زہر دینے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن جب وہاں جا کر مراعات دیکھی جاتی ہیں تو وہ فائیو سٹار ہوٹل والی ہوتی ہیں،وی آ ئی پی کھانے کھائے جاتے ہیں۔محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ ڈیجیٹل دہشتگردی سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے ،ڈیجیٹل دہشتگردوں کے ذریعے پاکستان اور باہر بیٹھے لوگوں کے ذریعے ریاست کیخلاف کام کر رہے ہیں،عظمی بخاری کے خلاف گھٹیا اور جھوٹا پراپیگنڈا کیا گیا، یہ لوگ اس حد تک گر گئے ہیں کہ کیا ان کے گھروں میں مائیں بہنیں موجود نہیں ہیں، کوئی بھی سیاسی جماعت ایسا نہیں کر سکتی ، ان سب باتوں کے بعد بھی اگر آپ کہیں کہ یہ لوگ انقلابی ہیں تو یہ انتہائی احمقانہ ہو گا۔پندرہ کلو ہیروئن رانا ثنا اللہ پر ڈال کر انقلاب نہیں آتے اورلارڈڈینیل سے میزبانی کروا کر انقلاب نہیں آتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نو مئی کے ملزمان کو سزائیں ہونی چاہیں ،ان کو چھوڑا گیا تو ریاست اور ملک کا نقصان ہو گا، ایسے لوگ کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں جنہوں نے شہدا کی یادگاروں کو جلایا ہو اور ان کے مزاروں کی بے حرمتی کی ہو۔