پشاور۔ (نمائندہ خصوصی ):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پولیس کے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتا ہوں، پولیس کے جوانوں نے امن و امان کےلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں، پولیس جوانوں کی قربانیوں پر فخر ہے، امن و امان موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو دورہ مردان کے دوران مردان پولیس لائنز کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مردان پہنچنے پر انسپکٹر جنرل پولیس اختر حیات گنڈہ پور اور کمشنر مردان محمد ایاز اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے وزیراعلی کو سلامی دی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ظاہر شاہ طورو، رکن قومی اسمبلی علی محمد خان اور مردان کے دیگر منتخب عوامی نمائندے بھی موجود تھے وزیر اعلیٰ نے مردان پولیس لائنز کی نئی عمارت کے فیز ون کا افتتاح کیا۔ 218 کنال رقبے پر محیط پولیس لائنز کی عمارت کا پہلا مرحلہ 395 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ پولیس لائنز کے پہلے مرحلے میں ایڈمن بلاک، اسٹاف بیرکس، عملے کے لئے رہائش گاہیں اور دیگر تعمیرات شامل ہیں۔وزیراعلیٰ نے پولیس لائنز کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتا ہوں، پولیس کے جوانوں نے امن و امان کے لئے بے شمار قربانیاں دی ہیں، ہمیں پولیس جوانوں کی ان قربانیوں پر فخر ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس فورس نے نامساعد حالات کے باوجود دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور کررہی ہے۔ پولیس جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے ان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا ضروری ہے۔ وزیراعلی نے کہا کہ امن و امان موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، موجودہ صوبائی حکومت شروع دن سے پولیس کو مستحکم کرنے اور اس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے، پولیس کے لئے گاڑیوں، ہتھیار اور دیگر آلات کی خریداری پر خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی حالات جیسے بھی ہوں، پولیس کی ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں گی، پولیس شہداء پیکج سے متعلق معاملات کے لئے قانون سازی ہورہی ہے، صوبائی حکومت کی ہاؤسنگ اسکیموں میں دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے پولیس سمیت دیگر تمام اداروں کے اہلکاروں کے ورثاء کو مفت پلاٹس دے رہے ہیں، پولیس شہداء کے ورثاء کو ان کے تمام حقوق دیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پولیس عوام کے ساتھ اچھے رویئے اور اچھے برتاؤ کا مظاہرہ کرے اور عوام پولیس سے تعاون کرے اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کرے، ٹریفک پولیس محنت کش لوگوں کا چالان کم سے کم کرے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر امیروں کو زیادہ سے زیادہ چالان کرے. وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے تاکہ انتظامیہ بہتر انداز میں عوام کی خدمت کر سکے۔