اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) :نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی بھارتی حکومت نے نہتے کشمیریوں کے خلاف اپنی جابرانہ کارروائیوں میں حالیہ دنوں کے دوران تیزی لائی ہے لیکن کشمیریوں کے عزم وہمت میں کوئی کمی نہیں آئی ہے اور حق خود ارادیت کے حصول کیلئے انکی جدوجہد غیر متزلزل ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سیاسی ماہرین اور کشمیر پر نظر رکھنے والوں نے اپنے انٹرویوز میں کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو خاموش کرانے کیلئے علاقے میں محاصروں اور تلاشی کی کارروائیوں ، بیگناہ لوگوں کی گرفتاری اور انہیں ڈرانے دھمکانے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارتی فورسز نے بیگناہ نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل اور بلا جواز گرفتاریوںکا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ایجنسیوں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی ، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، سٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی وغیرہ کو ان لوگوںکو نشانہ بنانے کی کھلی چھٹی دی گئی ہے جو بھارتی جبر کے خلاف آواز اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت حق خود ارادیت کے کشمیریوں کے مطالبے کو دبانے کیلئے انتہائی ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے ، وہ کشمیریوں کو بے انتہا جبر و ستم کے ذریعے خاموش کرانا چاہتی ہے۔سیاسی ماہرین اور کشمیر پر نظر رکھنے والوں کا کہنا ہے کہ تاہم کشمیری بھارت کی تمام تر چیرہ دستیوں کے باوجود اپنے موقف پر چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں اور بھارتی تسلط سے آزادی کی تحریک کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہیں۔