کراچی( نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے جو کرنا چاہتی ہے وہ سیلانی ویلفیئر کے تحت پہلے ہی کیا جارہا ہے اس لیے ہم سیلانی کو پی ایم یوتھ پروگرام میں اشتراک عمل کی دعوت دیتے ہیں، ہم نوجوانوں کے بہترین مستقبل کے لیے سیلانی کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر کیا۔ ہیڈ آفس آمد پر سیلانی کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروق قادری،سی ای او مدنی بشیر فاروق ،سی او او محمد غزال اور ایجوکیشن بورڈ کے سربراہ افضل چامڑیہ نے ان کا استقبال کیا۔ رانا مشہود احمد خان نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نوجوانوں کی بہترین تعلیم و تربیت چاہتی ہے اور یہ خواب ہمیں سیلانی میں پورا ہوتا نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں آئی ٹی کی تعلیم کے فروغ میں سیلانی کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور ارفع کریم آئی ٹی پروجیکٹ میں سیلانی کو شامل کیا جائے گا۔اس کے علاوہ حضرت داتا گنج بخش ؒ کے مزار سے متصل کتب خانہ جو پہلے ہی سیلانی کو مل چکی ہے اس میں بھی آئی ٹی پروگرام میں وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت تعاون کیا جائے گا۔اس سلسلے میں حکومت پاکستان اور سیلانی کے درمیان ایم او یو سائن کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے نوجوانوں سے ملاقات کرکے بے حد خوشی ہوئی جو تعلیم اور ہنر کے ساتھ ساتھ اعلیٰ اخلاقی تربیت بھی حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک ہمیں اپنے بعض پاکستانیوں اور نوجوانوں کے رویہ کی وجہ سے شرمندگی کا سامنا رہا ہے کیونکہ انہوں نے اپنے آپ کو وہاں پاکستان کا سفیر ثابت نہیں کیا جس کہ وجہ سے اب دیگر نوجوانوں کو ویزے کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مجھے اس بات کا یقین ہے کہ سیلانی کا پڑھا ہوا نوجوان جب کسی دوسرے ملک جائے گا تو وہ بہتر سفیر ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سیلانی جیسے ادارے جب تک موجود ہیں ،دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو شکست نہیں دے سکتی۔انہوں نے کہا کہ سیلانی کے بارے میں پہلے صرف سنا تھا ،لیکن اب خود مشاہدہ کرکے یقین نہیں آرہا ہے کہ سیلانی اتنے شعبوں میں فلاحی کام کررہا ہے۔سیلانی نے ڈیلیورکرکے دکھایا ہے اس لیے کامیابی اس کا مقدر بنی ہے۔قبل ازیں انہوں نے سیلانی ماس آئی ٹی کی کلاسز کا دورہ کیا۔نوجوانوں سے سوالات کیے اور ان کی کامیابیوں پر انہیں مبارکباد دی۔اس موقع پر ٹرسٹی امجد چامڑیہ اور مسلم لیگ ن کے رہنما نہال ہاشمی بھی موجود تھے۔