اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف سے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او)کے سیکرٹری جنرل عزت مآب خسرو نوزیری نے آج وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔سبکدوش ہونے والے سیکریٹری جنرل عزت مآب خسرو نوزیری نے وزیراعظم کو ای سی او کے اقدامات اور اپنی تعیناتی کے دوران ای سی او کو بحال کرنے کے اپنے اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے ای سی او کو علاقائی تعاون کے پلیٹ فارم کے طور پر فروغ دینے کے لیے سیکرٹری جنرل کی کوششوں کو سراہا اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ نوزیری پاکستان کی فارن سروس اکیڈمی سے فارغ التحصیل تھے جو کہ پاکستان لیے اعزاز کی بات ہے۔ وزیراعظم نے تاجکستان کے صدر امام علی رحمٰن کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ای سی او ممالک کے درمیان علاقائی تجارت کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ ای سی او اصلاحات کے ایجنڈے کے لیے مکمل حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ ای سی او ویژن 2025 کے اہم دستاویز پر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی سرپرستی میں اسلام آباد میں 2017 میں دستخط کیے گئے تھے جو کہ ای سے او کے لیے ایک انتہائی اہم سنگ میل ہے۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کو اس بات پر فخر ہے کہ ای سی او کے آئیندہ سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اسد مجید خان، پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ رہے۔عزت مآب خسرو نوزیری نے ای سی او کے سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے خدمات سر انجام دیتے ہوئے پاکستان کی جانب سے مسلسل حمایت پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔