کراچی(بیورو رپورٹ) وزیرتوانائی سندھ امتیازاحمد شیخ نے کہاہے کہ اومنی گروپ سے آصف علی زرداری کا کوئی تعلق نہیں ہے، پی ٹی آئی رہنما مالم جبہ، گندم چینی، ادویات، ایل این جی اور بجلی اسکنڈلز کا جواب دیں۔پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہاکہ سابق صدر آصف علی زرداری پی ٹی آئی رہنماﺅں کے حواسوں پر چھائے ہوئے ہیں، آصف علی زرداری نے سرے محل سمیت تمام جھوٹے مقدمات کا 14 سال تک سامنا کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اومنی گروپ سے آصف علی زرداری کا کوئی تعلق نہیں ہے، فواد چوہدری عمران خان اور ان کے اہلخانہ کی کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لیے دوسروں پر الزام تراشی کررہے ہیں۔امتیازشیخ نے کہاکہ پی ٹی آئی رہنما دوسروں پر الزام تراشی کرنے کے بجائے مالم جبہ، گندم چینی، ادویات، ایل این جی اور بجلی اسکنڈلز کا جواب دیں، توشہ خانہ کی کرپشن کو تو خود پی ٹی آئی رہنما تسلیم کرچکے ہیں، سیاست میں بدتہذیبی کا کلچر عمران خان نے متعارف کرایا ہے۔