کراچی( بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثاراحمدکھوڑونے کہاہے کہ پیپلز پارٹی سندھ کی جانب سے آج(منگل)سندھ بھر کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں مظاہرے اور ریلیاں نکال کر ضیاءالحق کے آمریتی اقدام کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا جائے گا۔پیرکوجاری اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ سندھ بھر میں پارٹی کے عہدیداران ،ذمہ داران و کارکنان آج5 جولائی کو پارٹی دفاتر پر سیاہ پرچم لہرائیں اور بازﺅں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج میں شرکت کریں۔ نثار کھوڑونے کہاکہ5 جولائی 1977 کو آمر ضیاءالحق نے شہید بھٹو کی جمہوری حکومت پر شب خون مارا اس دن کو ہر سال یوم سیاہ کے طور پر منایا جاتا رہے گا۔
انہوں نے کہاکہ شہید بھٹو کے دور سے لے کر آج تک جمہوریت اور جمہوری قوتوں کی حکومت غیر جمہوری عناصروں کے آنکھوں میں کانٹا بن کر چھب رہی ہے۔ ماضی میں رات کے اندھیرے میں جمہوری حکومت کو گھر بھیج کر آمریت مسلط کی جاتی تھی،18ویں ترمیم کے بعد 58 ٹوبی کا خاتمہ کرکے جمہوری حکومتوں کو گھر بھیجنے کا راستہ بند کردیا گیا ہے۔نثار کھوڑو نے کہاکہ آج غیر جمہوری عناصر جمہوری سوچ کو دبانے کے لئے جھوٹ پر مبنی الزام تراشی کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک میں تمام مسائل کا حل اور ملک کی بقامضبوط جمہوریت میں ہی ہے۔آج عدم برداشت الزام تراشی اور انتہا پسندی کو جنم دینے والی سوچ کو شکست دینے کی ضرورت ہے۔