اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع ہوشاب میں پاک فوج کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کی پذیرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے کامیابی سے آپریشن کرکے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔پاک فوج کے افسران و جوان ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے پاک کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو افواج پاکستان پر فخر ہے، پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کیلئے پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔