اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ گورننس میں بہتری اور معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے حکومت نے ڈیجیٹلائزیشن کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وزارت منصوبہ بندی میں کام کرنے والے مختلف شعبوں کے ماہرین کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکٹر سپشلسٹس کی ایک سالہ کارکردگی اور فائیو ایز فریم ورک پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔احسن اقبال نے کہا کہ فائیو ایز پر عمل درآمد اور مانیٹرنگ کا ایک میکنزم تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ کو 60 بلین تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا یے اور ایکسپورٹ کو 60ارب ڈالر تک لے جانے کے لیے ہر سطح پر بہت زیادہ محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ آگے بڑھنے کے لیے ہمیں اپنے محصولات اور برآمدات کو بڑھانا ہوگا۔ فائیو ایز معیشت کے تمام شعبوں میں بہتری لانے کے لئے بنیادی ڈھانچے کی حیثیت رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ 5 ایز فریم ورک میں برآمدات،توانائی، ایکویٹی، ای پاکستان اور ماحولیات کے شعبے شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک معاشی چیلنجزکا سامنا کر رہا ہے، ملکی ترقی کے لیے سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں واضح اہداف کا تعین اور ان کا حصول ضروری ہے ۔ احسن اقبال نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی کے تمام ماہرین کا فرض ہے کہ وہ ملک کو معاشی مسائل سے نمٹنے میں رہنمائی کرے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سیکٹر سپشلٹ کی تکنیکی صلاحیتوں سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔