بیجنگ۔(نمائندہ خصوصی ):چین کے صوبے یو نان کے دارالحکومت کنمنگ میں آٹھویں چین جنوبی ایشیا ایکسپو کا آغاز ہو گیا ہے جس میں 2ہزار سے زائد نمائش کنندگان شریک ہیں۔شنہوا کے مطابق 6 روزہ ایکسپو میں فن تعمیر کی ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، گرین انرجی اور جدید زراعت کے موضوعات کے ساتھ 15 نمائشی ہال شامل ہیں۔ ایکسپو میں پہلی بار کافی کی صنعت کے لیے وقف ایک پویلئن قائم کیا گیا ہے جو چین کے سب سے بڑے کافی پروڈیوسر کے طور پر یونان کی حیثیت کو اجاگر کرتا ہے، اس پویلین میں 160 سے زائد کمپنیاں اپنی مصنوعات کی نمائش کر رہی ہیں۔یاد رہے کہ یہ ایکسپو پہلی بار 2013 میں کنمنگ میں منعقد ہوئی تھی، اسی سال چین نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کو آگے بڑھایا ، اپنے آغاز سے لے کر اب تک ایکسپو نے 18,000 سے زیادہ ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کو خدمات فراہم کیں، 100 بلین ڈالر سے زیادہ کی تجارت کو فروغ دیا، اور 3,000 سے زائد منصوبوں پر دستخط کرنے میں سہولت کاری کی۔