اسلام آباد۔نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انتشار کے سرغنہ نے بالآخر 9 مئی کے واقعہ میں سہولت کاری اور منصوبہ سازی کا اعتراف جرم کر ہی لیا، اس شرپسند انتشاری ٹولے کے خلاف سخت کارروائی ملکی سلامتی اور قومی مفادات کا تقاضا ہے۔منگل کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست ہمیشہ تشدد اور شرپسندی کے ذریعے ریاست کو نقصان پہنچانے کے گرد گھومتی رہی ہے۔ انہوں نے ہمیشہ لاشوں پر سیاست کی، 9 مئی کو 200 سے زائد فوجی تنصیبات اور جی ایچ کیو پر حملے کئے، کور کمانڈر ہائوس کے باہر عمران نیازی کے خاندان کے لوگ موجود تھے جو حملوں کی ہدایات دیتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ زمان پارک دہشت گردوں کا تربیتی ہیڈ کواٹر بنا رہا جہاں پٹرول بم تیار کئے جاتے اور ریاست پر حملے کی تربیت دی جاتی رہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنے، ملک کو ڈیفالٹ کرانے، سائفر لہرانے کی سازش سے لے کر شہداءکی یادگاروں کی بے حرمتی کی گئی، انہوں نے ہر وہ کام کیا جو ملک دشمن بھی نہ کر سکے۔– عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ اس شرپسند، انتشاری ٹولے کے خلاف سخت کارروائی ملکی سلامتی اورقومی مفادات کا تقاضا ہے۔